صادق آباد ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کا واٹر سپلائی چوک کا خصوصی دورہ

اتوار 21 ستمبر 2025 18:30

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) میونسپل کمیٹی صادق آباد کے چیف آفیسر زوہیب خان لغاری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالصبور چوہدری کے ہمراہ واٹر سپلائی چوک کا خصوصی دورہ کیا۔دورے کےدوران انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں اور چوک کی تزئین و آرائش کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر زوہیب خان لغاری نے کہا کہ شہریوں کو جدید اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واٹر سپلائی چوک کی تعمیر و آرائش مکمل ہونے کے بعد یہ صادق آباد شہر کا ایک نمایاں اور دلکش مقام ہوگا، جو شہریوں اور آنے والے مہمانوں کو خوشگوار تاثر دے گا۔رہنما مسلم لیگ (ن) عبدالصبور چوہدری نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف آفیسر اور میونسپل کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔دورے کے دوران جام محمد رمضان سب انجینئر بھی موجود تھے جنہوں نے وفد کو جاری کام کے تمام مراحل پر بریفنگ دی اور بتایا کہ چوک کی تزئین و آرائش کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی صادق آباد کی کاوشوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔\378