mپولیس وردی میں شہری اغوا کی واردات، اہم انکشافات سامنے

ق*قلعہ گجر سنگھ اور مناواں کے اہلکاروں سمیت سابق پولیس ملازم اغوا میں ملوث نکلے م*ملزمان نے شہری کو تاوان کیلئے اغوا کیا، دوست سے نقدی منگوانے کی ویڈیو بھی سامنے

اتوار 21 ستمبر 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء) پولیس یونیفارم میں شہری کے اغوا کی واردات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغوا کاروں میں شامل اہلکار فاروق پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں تعینات ہے جبکہ دوسرا اہلکار شاہد تھانہ مناواں میں تعینات ہے اور اس وقت مفرور ہے۔ تیسرا ملزم آصف محکمہ پولیس سے برخاست شدہ بتایا گیا ہے۔

تینوں اہلکاروں نے ایک پرائیویٹ شخص کے ساتھ مل کر شہری کو اغوا کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمے سے تاوان کی دفعات علیحدہ کر کے تفتیش سی سی ڈی کو سپرد کر دی ہے۔ ملزمان نے چیکنگ کے بہانے شہری کو گاڑی میں بٹھایا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واردات کا مقدمہ پہلے چار نامعلوم افراد کے خلاف درج تھا۔ ملزمان نے مغوی کو اغوا کر کے دس کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، بعدازاں گن پوائنٹ پر دوست کو کال کروا کے پچیس لاکھ روپے منگوائے۔ مغوی کی کار میں موجود پندرہ لاکھ روپے بھی چھین لیے گئے۔ رقم اورنج ٹرین اسٹیشن کے قریب منگوائی گئی جبکہ مغوی کے دوست کی جانب سے پل سے نیچے تاوان کی رقم پھینکنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔