صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبودکیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، ڈاکٹر امجد علی

اتوار 21 ستمبر 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے 7 سوات میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، بلوگرام، شموزئی اور بریکوٹ میں پلے گراؤنڈز کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے منصوبے مکمل ہوچکے اور نوجوان ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر امجد علی نے گزشتہ روز وی سی غالیگے، سوات میں پلے گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاقہ عمائدین، چئیرمین تحصیل بریکوٹ کاشف علی، اور دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معاون خصوصی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گراؤنڈز کی تعمیر اورتزئین و آرائش منصوبوں میں فلڈ لائٹس، ڈریسنگ روم، ٹیوب ویل، واٹر ٹینک، تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہوں، غسل خانوں جیسے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی کا مزید کہنا تھا کہ دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق اور اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی بدولت علاقہ ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں میں آللہ تعالی نے بہت صلاحیتیں رکھی ہیں، لیکن اُسے اُجاگر کرنے کے لئے عملی طور پر کام کرنا ہوگا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور فٹبال کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔