#نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں مقابلے کے امتحانات میں کامیابی کے لئے محنت، لگن اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنانا ہوگا، شاہان یار محمد

اتوار 21 ستمبر 2025 21:30

۵کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء)بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے طلبا کو طویل عرصے سے تعلیمی رہنمائی کے فقدان کا سامنا تھا، تاہم اسسٹنٹ کمشنر شاہان یار محمد اور ڈی ایس پی آفتاب علی عمرانی نے اپنی علمی خدمات اور کاوشوں کے ذریعے طلبا کو نہ صرف کتابوں کے ذریعہ رہنمائی فراہم کی بلکہ ان کے لئے فری آن لائن کلاسز کا بھی اہتمام کیا۔

طلبا کے لئے ان کی یہ خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اور یہ نوجوان افسران بلوچستان کے طلبا کے لئے ایک حقیقی رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر اسسٹنٹ کمشنر شاہان یار محمد نے کوئٹہ پریس کلب میں طلبا کے لئے منعقدہ فری سیمینار سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں مقابلے کے امتحانات میں کامیابی کے لئے محنت، لگن اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لئے وقت کی قدر اور جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق تیاری نہایت ضروری ہے۔ شاہان یار محمد نے طلبا کو امتحان کی تیاری کے مختلف طریقہ کار سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکلات اور چیلنجز زندگی کا حصہ ہیں، تاہم ان پر قابو پانے کے لئے ہمت اور حوصلہ بنیادی شرط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، اگر انہیں درست سمت اور بروقت رہنمائی فراہم کی جائے تو یہ نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں طلبا و طالبات نے شرکت کی اور اسسٹنٹ کمشنر کے خطاب کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے رہنمائی پر مبنی پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :