کتاب، قلم اور ادب سے جڑے رہنا ہی قوم کی ترقی و بقا کی ضمانت ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس شہر کی خوشحالی ملک کے استحکام کی کنجی ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ سیاست کو علم، شعور، زبان اور شناخت کے ساتھ جوڑا ہے، سربراہ ایم کیوایم پاکستان

اتوار 21 ستمبر 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) اردو مرکز کے زیر اہتمام گلاس پیلس، شاہراہ فیصل کراچی میں ایک شاندار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت معروف محقق و ادیب ڈاکٹر شاداب احسانی نے کی جبکہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما حیدر عباس رضوی، کشور زہرا، سینیٹر خالدہ اطیب سمیت حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، معزز اساتذہ، شعرا، ادبا اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ محفل میں معروف شعرا نے اپنے کلام سے سماں باندھا اور حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ادب کی محفلیں کراچی کی پہچان ہیں اور یہی محفلیں روشنیوں کے اس شہر کی رونقیں دوبارہ زندہ کر رہی ہیں، زبان اور ثقافت ہماری اصل شناخت ہیں، ہمیں اپنی نئی نسل کو ادب، تحقیق اور مطالعے سے جوڑنا ہوگا تاکہ کراچی سمیت پورا ملک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کو روکنے والے بھی جانتے ہیں کہ اس شہر کی خوشحالی ہی پاکستان کی معیشت کی ضمانت ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ سیاست کو علم، شعور اور آگہی کے ساتھ جوڑا ہے اور یہی عمل ہماری کامیابی کی کنجی ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور دیگر رہنماں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور محفل کو کراچی کی ادبی و ثقافتی زندگی کے احیا کی ایک خوش آئند کڑی قرار دیا گیا۔