خلیجی فوجی تعاون استحکام کے لئے سنگ بنیاد ہے،قطر

پیر 22 ستمبر 2025 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) قطر نے کہا ہے کہ قطر کا خلیجی ریاستوں کے ساتھ فوجی اور سکیورٹی تعاون خطے میں استحکام کے لئے سنگ بنیاد ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات سعودی عرب میں قطر کے سفیر بندر العطیہ نے العربیہ کو ایک انٹرویو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی۔ قطری رابطہ کونسل نے سیاست، سلامتی اور فوجی تعاون کے شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

انہوں نے سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور سعودی عرب اور قطر کے درمیان دوطرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے متحد موقف کو واضح کرنے کے لئے ” سعودی۔ قطری رابطہ کونسل “ کے فریم ورک کے اندر باہمی تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ہدایات اور ان کے سٹریٹجک وژن نے سکیورٹی اور فوجی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ موقف کو مضبوط کیا ہے۔

(جاری ہے)

قطری سفیر نے کہا کہ سعودی۔ قطری رابطہ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے باقاعدہ اجلاس ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجزاور خطرات پر تبادلہ خیال کرنے اور علاقائی سکیورٹی کو بڑھانے کے لئے مشترکہ تعاون کے میکانزم قائم کرنے کے لئے ایک موثر اور متحرک پلیٹ فارم ہیں۔ سعودی عرب اور قطر معلومات کے تبادلے، مشترکہ تربیت، خصوصی شعبوں میں مہارت سے فائدہ اٹھانے اور دونوں فوجی کالجوں اور اکیڈمیوں میں سکالرشپس کے تبادلے کے شعبے میں فوجی تعاون سے منسلک ہیں۔

قطری سفارت کار نے مزید کہا کہ ان کا ملک دوحہ میں اسرائیلی حملے کے حوالے سے سعودی عرب کی یکجہتی کو سراہتا ہے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ دوحہ میں اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کے لئے مشترکہ ہنگامی عرب۔ اسلامی سربراہی اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت غیر معمولی حالات میں گہرے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک متحد موقف اختیار کرنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کے جاری رہنے کی بھی تصدیق کرتا ہے۔ قطری سفیر نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان اتحاد حاصل کرنے، تمام شعبوں میں ہم آہنگی اور تعلقات کو فروغ دینے، ایک مشترکہ دفاعی نظام کی تعمیر اور خلیجی فوجی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام کو بڑھانے اور خلیجی ممالک کے مفادات کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر برقرار رکھنے کے لئے ایک متحد اور موثر مشترکہ سیاسی نقطہ نظر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سکیورٹی اور فوجی تعاون کی رفتار کو تیز کرنا بھی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ خلیجی اقدامات کو بڑھانا قطر کا ایک پختہ اصول ہے۔ خلیج تعاون کونسل، رکن ممالک کے رہنماؤں کے دانشمندانہ ویژن سے متاثر ہو کر مشترکہ خلیجی اقدامات کو بڑھانے کے لئے اجتماعی طور پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی تعلقات کو فروغ دینا ان کے ملک کی ترجیحات میں سب سے اوپر ہے، خاص طور پر علاقے اور دنیا کو درپیش سکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی چیلنجز کے تناظر میں یہ مزید اہم ہوجاتا ہے۔ قطری سفارت کار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیلی حملہ جس نے قطر کی سرزمین کو نشانہ بنایا اور جسے قطر اور خلیجی ممالک نے ایک ’’جارحیت‘‘قرار دیا دوحہ کے عزم اور اس کے پختہ یقین کو متزلزل نہیں کر سکے گا کہ ثالثی ہمارے خطے میں ایک منصفانہ اور پائیدار امن حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔

قطری سفیر بندر العطیہ نے کہا کہ قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان ہونے والی ملاقات قطر کی ثالثی کی کوششوں کے موثر کردار کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حکام نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے ثالثی کی کوششوں اور علاقے میں امن قائم کرنے میں قطر کے موثر کردار کو سراہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قطر امریکا کا ایک قابل اعتماد سٹریٹجک اتحادی ہے۔