Live Updates

کمشنرملتان کا عبدالرحمان کی بطور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ آفیسرخدمات کو خراج تحسین

پیر 22 ستمبر 2025 21:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) ملتان کے ڈسٹرکٹ منیجر عبدالرحمان ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی ناگہانی وفات پر ضلعی انتظامیہ اور سرکاری افسران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عبدالرحمان نے بطور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر سیلاب کے دوران شاندار خدمات انجام دیں اور اپنی ذمہ داریاں جانفشانی سے ادا کیں۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بھی مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان کی پیشہ ورانہ لگن اور محنت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ بعد ازاں کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے مرحوم کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات