کمشنر کراچی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،بارشوں کے بعد صفائی اور سیوریج سمیت شہری مسائل کا جائزہ لیا

پیر 22 ستمبر 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااوربارشوں کے بعد صفائی اور سیوریج سمیت شہری مسائل کا جائزہ لیا۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران افسران نے کمشنر کراچی کو صفائی ، سیوریج ، تجاوزات اور شہری مسائل کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ کمشنر کراچی نے مختلف مقامات پر شہری صورتحال بہتر بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ شہری ادارے ڈپٹی کمشنرز کی رہنمائی میں اقدامات کریں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کوہدایت کی کہ اپنے اپنے ضلع کا دورہ کرکے مسائل کا جائزہ لیں اور متعلقہ اداروں کے تعائون سے مسائل کے حل کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں سیوریج کے دیرینہ مسئلہ کے حل کے لیے ترجیحی کوششیں کرنے کی ہدایت کی اورگارڈن ، صدر،اولڈ گولیمار، ہاکس بے اور بلدیہ کے مختلف علاقوں اور گلیوں کا بھی دورہ کیا اورمختلف مقامات پر متعلقہ افسران کو مسائل کی نشاندہی اور ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کمشنر کراچی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہواجس میں گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف کراچی انتظامیہ کی جاری مہم کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بارے میں کمشنر کراچی کو بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید نے کمشنر کراچی کو 14 تا 20ستمبرتک کی گراں فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں 221گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرکے مجموعی طور پر 18لاکھ 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو کے مطابق ضلع جنوبی میں 58گراں فروشوں پر 3لاکھ 51ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر کے مطابق ضلع شرقی میں 38گراں فروشوں پر 7لاکھ 28ہزار روپے کاجرمانہ عائد کیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طہ سلیم کے مطابق وسطی میں 35گراں فروشوں پر 2 لاکھ 63 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر غربی ذوالفقار میمن کے مطابق غربی میں 8گراں فروشوں پر ایک لاکھ چھ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کے مطابق ملیر 34گراں فروشوں پر ایک لاکھ23 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو کے مطابق کورنگی میں 19گراں فروشوں پر ایک لاکھ 86ہزار روپے جرمانہ عائدکیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق چانڈیو کے مطابق کیماڑی ضلع میں 29گراں فروشوں پر 53ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین مارکیٹ کمیٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹماٹر کی پیداوار میں اضافہ ہواہے، جس پر کمشنرکراچی نے ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹی کو پابند کریں کہ ٹماٹر کی قیمت میں کمی کیلئے اقدامات کریں ۔

دورہ کے موقع پرڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو اورڈپٹی کمشنرکیماڑی راجہ طارق چانڈیو ،مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی، سی او آئی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اسداللہ اور ڈائریکٹر ترقیات اور منصوبہ بندی نسیم بھٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :