فرانس کا فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اور سیز فائر کے بعد فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

منگل 23 ستمبر 2025 01:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) فرانس نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اور سیز فائر کے بعد فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پیر کو فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ میں دو ریاستی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس کی سربراہی سعودی عرب اور فرانس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فرانسیسی صدر میکرون کے فیصلے کی پذیرائی میں ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ کانفرنس میں موجود مزید ممالک بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کریں گے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے لیے قطر‘ مصر اور سعودی عرب کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کوریاست تسلیم کرنا امن کی جانب پیش قدمی ہے،غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے، فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کے بعد فلسطین میں سفارتخانہ کھولیں گے۔