قومی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، کسی بھی غلطی کا بھرپور جواب دیں گے، ایرانی فوج

منگل 23 ستمبر 2025 08:30

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ قومی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی، کسی بھی غلطی کا بھرپور جواب دیں گے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی "تسنیم" کے مطابق ایران اور یورپی ٹرائیکا (فرانس، جرمنی اور برطانیہ) کے درمیان جوہری مسئلے پر مذاکرات کے سلسلے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنے قومی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے نئی غلطیاں کیں تو اسے ایسا سخت جواب ملے گا جس پر اسے پچھتانا پڑے گا۔عراق۔ایران جنگ کی برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں موسوی نے کہا کہ دشمن 12 روزہ جنگ میں ایرانی فوجی اور دفاعی طاقت، علاقائی صلاحیتوں اور ہماری مسلح افواج کے فیصلہ کن و متناسب جواب کے سامنے ناکام رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جدید اور اعلیٰ دفاعی ٹیکنالوجی کو ترقی دینا، محافظ فوج کو بڑھانا اور مرکب جنگ خصوصاً دشمن کی ادراکی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا نا گزیر ہے، ان کا اشارہ اسرائیل کی طرف تھا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایرانی افواج تزویراتی حیرت پر انحصار کرتے ہوئے دنیا کے ظالموں کے کسی بھی خطرے کا فوری، فیصلہ کن اور مزاحمتی جواب دینے کے لیے تیار ہیں، جو تصور سے بھی بڑھ کر ہو گا۔