44 ویں میڈ کیریئر منجمنٹ کورس کے شرکاء کا محکمہ جنگلات آزاد کشمیر کا تعلیمی دورہ

منگل 23 ستمبر 2025 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) 44 ویں میڈ کیریئر منجمنٹ کورس کے شرکاء کا محکمہ جنگلات آزاد کشمیر کا تعلیمی دورہ ظ ناظم اعلیٰ جنگلات، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ماہرین کی بریفنگ، 44 ویں میڈ کیریئر منجمنٹ کورس (Mid-Career Management Course) کے شرکاء کا محکمہ جنگلات کے مرکزی دفتر بنک روڈ کا تعلیمی و معلوماتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد نے کورس کے شرکاء کو محکمہ جنگلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے جنگلات نہ صرف ملکی ماحولیاتی توازن کے ضامن ہیں بلکہ پانی، جنگلی حیات اور مقامی کمیونٹیز کی بقا کے لیے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات جدید سائنسی تحقیق، ڈیٹا بیسڈ پلاننگ اور کمیونٹی پارٹیسپیشن کے ذریعے وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سردار افتخار نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جنگلات قدرتی وسائل کا خزانہ ہیں اور ان کا پائیدار انتظام ملک کی معاشی و ماحولیاتی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام ڈاکٹر ذاکر حسین نے شرکاء کو Ugppمنصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت پورے آزاد کشمیر میں شجرکاری، نرسری ڈیولپمنٹ، مقامی انواع کے تحفظ اور کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام صرف ایک شجرکاری مہم نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ جہتی حکمتِ عملی ہے جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو معاشی فوائد بھی فراہم کرنا ہے۔

شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ناظم جنگلات مظفرآباد، میر نصیر احمد نے فاریسٹ مینجمنٹ کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح جنگلات کی کٹائی روکنے، ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، فاریسٹ ریجنریشن، جنگلی حیات کے مسکن کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی شمولیت سے فاریسٹ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ شرکاء نے جنگلات کے نظم و نسق، پالیسی فریم ورک اور زمینی حقائق کے حوالے سے سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔

اس موقع پر کورس کے چیف کوآرڈینیٹر شبیداللہ نے اس موقع پر کہا کہ ''یہ دورہ شرکاء کے لیے عملی بصیرت فراہم کرنے کا سنہری موقع ہے، جس سے انہیں جنگلات کی پالیسی اور عملی میدان میں درپیش چیلنجز کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے انہوں نے محکمہ جنگلات کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر کورس کے چیف انسٹکٹر شبیداللہ کو ناظم اعلٰی جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار نے شیڈ پیش کی۔اس موقع پر ناظم جنگلات سید عتیق الرحمن شیرازی پراجیکٹ ڈائریکٹر کشمیر فاریسٹ سکول سید مفسر گیلانی متمم جنگلات مجتبی اعوان مہتمم جنگلات مرکزی دفتر اویس جاوید و دیگر آفیسران بھی موجود تھی-