پاکستان میں غربت بڑھ گئی، عالمی بینک کی رپورٹ جاری

گزشتہ 3 سالون کے دوران ملک میں غربت کی شرح میں 7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 15:13

پاکستان میں غربت بڑھ گئی، عالمی بینک کی رپورٹ جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) عالمی بینک نے پاکستان میں غربت سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، پاکستان کی آبادی 60 سے 80 فیصد شہری علاقوں میں اور 39 فیصد آبادی شہروں میں مقیم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی بینک کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال میں غربت کی شرح میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا، 2022ء میں پاکستان میں غربت کی شرح 18.3 فیصد تھی اور پاکستان میں غربت کی موجودہ شرح 25.3 فیصد ہے، 2023/24ء میں غربت کی شرح 24.8 فیصد تھی اور 2024/25 میں غربت کی یہ شرح برح کر 25.3 فیصد ہو گئی۔

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ 2001ء سے 2015ء تک پاکستان میں غربت کی شرح میں سالانہ 3 فیصد کمی ہوئی، 2015ء سے 2018ء تک پاکستان میں غربت کی شرح میں سالانہ ایک فیصد کمی ہوئی، 2018/19ء کے بعد ہاؤس ہولڈ سروے نہیں کیا گیا، تاہم 2022ء کے بعد غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جب کہ 2020ء میں غربت کی شرح میں کورونا کے بعد اضافہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شعباہ جات کے حوالے سے زرعی انکم کے علاوہ دیگر ذرائع آمدن سے غربت کی شرح کم ہو رہی ہے، 57 فیصد نان ایگری انکم سے غربت کم ہوئی، 18 فیصد زرعی آمدن سے غربت کم ہوئی، ترسیلات زر اور دیگر شعبوں میں آمدن بڑھنے سے غربت کم ہوئی، 2011ء سے 2021ء میں لوگوں کی آمدن میں صرف 2 سے 3 فیصد اضافہ ہوا جب کہ کم آمدن شعبوں میں 85 فیصد لوگ ملازمت کرتے ہیں، غیر رسمی شعبوں میں 95 فیصد لوگ ملازمت کرتے ہیں۔