پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی آزمائشوں پر پورے اترے ہیں ، وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پرپیغام

منگل 23 ستمبر 2025 15:14

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی آزمائشوں پر پورے اترے ہیں ، وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات چوہدری ارمغان سبحانی نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی آزمائشوں پر پورے اترے ہیں اور دونوں ممالک دفاع اور سٹریٹجک تعاون کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں،سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور پاکستان کی بقاء اور استحکام میں سعودی عرب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کویہاں سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی ہے۔ وزیرمملکت نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن سعودی عوام کے اتحاد، عزم اور ترقی کی علامت اور ہمارے اس دیرینہ تعلق کا مظہر بھی ہے جو پاکستان اور سعودی عرب نے عقیدے، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی آزمائشوں پر پورے اترے ہیں۔ دونوں ممالک دفاع اور سٹریٹجک تعاون کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔ سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور پاکستان کی بقاء اور استحکام میں سعودی عرب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ دنوں میں دفاعی شراکت داری، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور خطے کے امن کے لیے مشترکہ کاوشوں نے دونوں ممالک کو مزید قریب کیا ہے۔

انہوں نے اس یقین کااظہارکیاکہ آنے والے دنوں میں پاک۔سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دفاعی، سٹریٹجک، معاشی اور سماجی تمام شعبوں میں یہ شراکت داری مسلم دنیا اور خطے کے امن و ترقی کا ضامن ثابت ہوگی۔انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلق کو مزید مضبوط ومستحکم بنانے کی دعا بھی کی۔