سکھر کی مختلف بلدیاتی نشتوں پر 24 ستمبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر

منگل 23 ستمبر 2025 17:35

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) سکھر کی مختلف بلدیاتی نشستوں پر 24 ستمبر کو ضمنی انتخابات ہو ں گے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر امین بشیر قریشی نے بتایا کہ سکھر ضلع میں بدھ 24 ستمبر کو بلدیاتی اداروں کی مختلف نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ سکھر ضلع کی تحصیل سکھر سٹی کی یونین کونسل نمبر-8 آدم شاہ (ٹی ایم سی-ون مکی شاہ) کے جنرل وارڈ-II کے ممبر کے لیے اور روہڑی تحصیل کی یونین کونسل-26 کوٹڑی میں وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں۔

تحصیل سکھر سٹی کی یونین کونسل 8 آدم شاہ میں جنرل ممبر کے لیے 2 امیدوار عبدالرزاق اور نذیر احمد، جبکہ روہڑی تحصیل کی یونین کونسل 26 کوٹڑی میں وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے 3 امیدوار محمد داؤد، محمد صوبل اور محمد مٹھل مقامی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات میں 13 ہزار 793 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 7435 مرد اور 6358 خواتین شامل ہیں، ووٹروں کی سہولت کے لیے 11 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، مردوں اور خواتین کے لیے 3، 3 جبکہ 5 مشترکہ پولنگ سٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں، نیز 96 پولنگ عملہ بھی مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں انتخابات کے دن 24 ستمبر 2025 کو سکھر سٹی اور روہڑی تحصیلوں کے عوام کے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے سبب مذکورہ یونین کونسلوں کی حدود میں عام تعطیل کابھی اعلان کیا گیا ہے۔