تاجر برادری سے متعلق ہر پالیسی کو حقیقی سٹیک ہولڈرز کو شامل کرکے تشکیل دیا جانا چاہیے، آئی سی سی آئی کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی جائے، سردارطاہرمحمود

منگل 23 ستمبر 2025 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے چیمبر کو تاجر برادری کی حقیقی آواز اور ڈھال بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ تاجر برادری سے متعلق ہر پالیسی کو حقیقی سٹیک ہولڈرز کو شامل کرکے تشکیل دیا جانا چاہیے، تاجر برادری نے ہمیشہ مشکل وقت میں ڈیلیور کیا ہے اور قوم کی معاشی بحرانوں پر قابو پانے میں مدد کی ہے، اس لیے ہر پالیسی ساز فورم پر اس کی آواز سنی جانی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایم منیر آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ان کے، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری کے بلامقابلہ انتخاب پر ان کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تقریب میں آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران، کونسل ممبران، سرکردہ تاجروں اور اسلام آباد کی مختلف ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر نہ صرف اپنے 15000 ممبران کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ فیڈرل چیمبر ہونے کے ناطے پاکستان کے 260 ملین عوام کے مفادات کا بھی نگہبان ہے ۔ انہوں نے تاجر برادری کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے آئی سی سی آئی کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ ماہ ایک پریس کانفرنس میں چیمبر کی آئندہ کی سرگرمیوں اور اقدامات بارے کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔

سرپرست اعلیٰ آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے آئی سی سی آئی کی نئی قیادت کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹیم کاروباری برادری کی اس انداز میں خدمت کرے گی جس سے اس کا دور مثالی تصور ہو گا۔۔انہوں نے خطے میں کاروبار دوست ماحول کے حصول کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششوں کے لیے کاروباری برادری کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے آئی سی سی آئی، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیو سی سی آئی) اور اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز (آئی سی ایس ٹی ایس آئی) کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے صدر محمد اویس ستی نے بھی آئی سی سی آئی کی قیادت کو مبارکباد پیش کی جبکہ سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے تاجر برادری کی بلا تفریق خدمت کرنے اور اتحاد کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم کے عزم کا اعادہ کیا۔