ڈ ی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری کی زیر صدارت اہم اجلاس

اجلاس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

منگل 23 ستمبر 2025 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ہے ، منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2025کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیاگیا ہے،اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ،ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین ، اور نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے تمام ایڈمنسٹریٹرز اور افسران نے شرکت کی ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری کو افسران نے تیاریوں بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنک گیمز پنجاب میں خواتین سپورٹس کا بڑا ایونٹ ہے،جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنز سے خواتین کھلاڑی شریک ہوں گی، کھیلتا پنجاب پنگ گیمز کے ٹرائلز نومبر کے پہلے ہفتہ میں پنجاب کے تمام ڈویژن میں ہوں گے،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے مزید کہا ہے کہ پنک گیمز وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر کی سربراہی میں کروائے جارہے ہیں،کھیلتا پنجاب پنک گیمز خواتین سپورٹس کی ترقی کیلئے اہم ہیں،اس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔