× فیصل آباد، نئی لیبر پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تاجروں کے جائز مسائل اور خدشات کو دور کیا جائے گا،محمد نعیم غوث

منگل 23 ستمبر 2025 20:40

ں* فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2025ء) نئی لیبر پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تاجروں کے جائز مسائل اور خدشات کو دور کیا جائے گا۔ یہ بات سیکرٹری لیبر اور افرادی قوت حکومت پنجاب محمد نعیم غوث نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں ، پروٹوکولز اور خاص طور پر جی ایس پی پلس کی وجہ سے لیبر قوانین میں بعض ترامیم ناگزیر ہوتی ہیں لیکن آجروں کے جائز خدشات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے نئے لیبر کوڈ 2025کے مسودے بارے کہا کہ اس حوالے سے لاہور میں دو کانفرنسیں ہو چکی ہیں لیکن تاحال اِن کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔ انہوں نے فیصل آباد کی صنعتی اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ آپ اس پر غور کیلئے وقت کا تعین کریں تاکہ وہ اپنی ٹیم لیکر آئیں اور باہمی مشاورت سے متنازعہ شقوں کو قابل قبول بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر کی ہر ممکن کوشش ہے کہ صنعتوں کا پہیہ چلے کیونکہ اِس سے ہی ملکی معیشت مستحکم ہو گی اور محنت کشوں کیلئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے لیبر کی آڑ میں صنعتی امن میں رخنہ اندازی ڈالنے والے عناصر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اِس کا جلد سدباب کیا جائے گا۔اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے لیبر کوڈ کے مسودہ میں صنعتکاروں کی گرفتاریوں جیسے سنگین اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہاکہ اس صورتحال میں نہ صرف موجودہ صنعتوں کو چلانا مشکل ہو جائے گا بلکہ نئی سرمایہ کاری کا عمل بھی رک جائے گا۔

انہوں نے سیکرٹری لیبر کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ اس سے انہیں حوصلہ ملاہے کہ اُن کے خدشات پر حکومت سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار روزگار مہیا کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں مگر ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بہت سے ادارے بند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے لیبر کوڈ کی متنازعہ شقوں پر پنجاب بھر کے چیمبرز کی مشاورت سے ایسے قوانین وضع کرنے پر زور دیا جن سے بیک وقت آجر اور آجیر دونوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ آخر میں سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں وحید خالق رامے، رانا طالب حسین ، شاہد احمد شیخ اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ بعد میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے سیکرٹر ی لیبر محمد نعیم غوث کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی