پاکستان اور سعودیہ دفاعی معاہدے نے دشمن کو منہ توڑ پیغام دیا ہے،حاجی علی مدد جتک

پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بحال کرنے کا کریڈٹ صدرزرداری ، وزیراعظم ، فیلڈمارشل منیر کو جاتا ہے،پی پی رہنما

منگل 23 ستمبر 2025 23:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے نے دشمن کو منہ توڑ پیغام دیا ہے ، پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بحال کرنے کا کریڈٹ صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم میاں شہبا زشریف، فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے ۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی حکمرانوں نے جو عزت بخشی وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے اس معاہدے سے دشمن کو پیغام گیا ہے اور اب ہم دشمن کے سامنے سپر پاور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عزت دنیا میں بحال ہوئی ہے جس کا کریڈٹ صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم میاں شہبا زشریف، فیلڈمارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے دشمن کو گھر میں گھس کر مارنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔