کوئٹہ میں منگل کو بلوچستان بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

منگل 23 ستمبر 2025 23:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) کوئٹہ میں منگل کو بلوچستان بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، سینیٹر دنیش کمار، ایم این اے رمیش لال، ایم این اے درشن لال، صوبائی وزراء ، اراکین صوبائی اسمبلی اور مختلف مذاہب و مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کے شرکاء پریشن "بنیان المرصوص" میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے ملک میں امن و استحکام کی راہیں ہموار کی ہیں۔ مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے اس موقع پر قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور قیامِ امن کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اقلیتوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی، ان مسائل کے تدارک کے لیے ایک مؤثر میکنزم تشکیل دیا جائے گا اور صوبے کی تمام مذہبی عبادت گاہوں پر اگر کسی نے ناجائز قبضہ کیا ہے تو وہ 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ کمیونٹی کو واپس دلایا جائے گا۔گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ امن و ترقی قومی یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں، اور حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے سیمینار کے شرکاء نے حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت ے سیمینارز کے انعقاد سے معاشرتی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک مضبوط اور جامع بیانیہ تشکیل پائے گا اور معاشرے میں امن و سکون یقینی بنے گا سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں رواداری، بھائی چارے اور یکجہتی کے پیغام کو مزید عام کیا جائے گا۔