Live Updates

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی رومینہ خورشید عالم کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی رومینہ خورشید عالم نے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں حالیہ سیلابوں کے تباہ کن اثرات، نقصانات کے تخمینے، بحالی کے اقدامات اور اس حوالہ سے مستقبل میں منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رومینہ خورشید عالم نے گورنر کو بتایا کہ غیر معمولی مون سون بارشوں اور برفانی تودوں کے پگھلنے سے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں شدید سیلاب آئے جنہوں نے ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کر دیا، بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا اور زراعت و روزگار کو بری طرح متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکانات، اسکولز، صحت کی سہولیات اور زرعی زمینوں سمیت تمام نقصانات کے درست اور فوری تخمینے کے بغیر بحالی کے اقدامات مؤثر نہیں ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ،وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وہ خود ذاتی طور پر بھی صوبہ خیبر پختونخوا کو تکنیکی و ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیئے کردار ادا کرینگے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہلال احمر نے اس حوالہ سے بھرپور اور مثالی کام کیا اور متاثرین کی ہرممکن امداد کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے متعدد ڈونرز سے ہمارے رابطے ہیں جنکی جانب سے مثالی امداد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ملاقات میں وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر رابطہ کاری، ترقیاتی منصوبہ بندی میں ماحولیاتی لچک کے انضمام اور عالمی ماحولیاتی فنڈز کے حصول کے امکانات پر بھی غور کیا گیا ۔

ملاقات میں قبل از وقت انتباہی نظام کو بہتر بنانے، دریا کے انتظامات کی بہتری اور شجرکاری و واٹر شیڈ مینجمنٹ جیسے قدرتی حل میں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا تاکہ آئندہ ماحولیاتی آفات کے خطرات کم کیے جا سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات