پی آئی اے کو برطانیہ کیلئے کارگو آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری

برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ سے ملنے والا ایئر کارگو کیریئر تھری (ACC3) سرٹیفکیٹ 2030ء تک قابلِ عمل ہوگا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 ستمبر 2025 13:06

پی آئی اے کو برطانیہ کیلئے کارگو آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری
لندن/کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) برطانیہ کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو کارگو آپریشن شروع کرنے کا لائسنس جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کو برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایئر کارگو کیریئر تھری (ACC3) سرٹیفکیٹ ملا ہے جو آئندہ پانچ سال تک یعنی 2030ء تک قابلِ عمل رہے گا، اس سرٹیفکیٹ کے اجراء سے پی آئی اے کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے برطانیہ کے لیے کارگو پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔

اس حوالے سے پی آئی اے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے لیے کارگو پروازیں اکتوبر سے شروع کی جائیں گی، جن میں سب سے پہلے مانچسٹر کو شامل کیا جائے گا اور بعد ازاں برمنگھم اور لندن تک پروازوں کا یہ سلسلہ بڑھا دیا جائے گا، یہ اجازت نامہ پاکستان سول ایوی ایشن اور برطانوی ٹیم کے ان سائٹ آڈٹ کے بعد جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف براہ راست مسافروں کی پروازوں کے حوالے سے پی آئی اے کو ایک دھچکہ بھی لگا ہے کیوں کہ قومی ایئر لائن تھرڈ کنٹری آپریشن (TCO) لائسنس حاصل کرنے میں ناکام رہی اور نجی ایئرلائن ایئربلیو کو یہ اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے جب کہ ایئربلیو کے ایئربس 320 اور 321 طیارے ترکیہ میں ری فیولنگ کے بعد برطانیہ تک پرواز کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ رواں برس جولائی 2025ء میں ہی برطانیہ کی طرف سے پاکستان میں سول ایوی ایشن کی سکیورٹی میں بہتری کے بعد پی آئی اے پر عائد برسوں پرانی پابندی ختم کی گئی ہے، یہ پابندی 2020ء میں اس وقت لگائی گئی تھی جب کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوا بازی نے قومی ایئرلائن کے ایک تہائی پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہونے کا انکشاف کیا تھا۔