ڈاکٹر شاہد صدیق قتل کیس،ملزم کی ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ جاری

بدھ 24 ستمبر 2025 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق قتل کیس میں گرفتار ملزم شاہد ندیم کی ضمانت منظوری کا فیصلہ جاری کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے 2صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ مدعی کے وکیل نے کہا کہ ملزم کا کریمنل ریکارڈ ہے اس کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے، وکیل کے مطابق ملزم نے 7 ماہ پہلے بھی ڈاکٹر شاہد صدیق پر حملہ کیا تھا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ یہ معاملہ مزید انکوائری کا ہے، ملزم کے وکیل نے کہا کہ اس پر فائرنگ کرنے کا الزام نہیں ہے، عدالت ملزم کی 5 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتی ہے۔یاد رہے کہ اگست 2024ء میں پی ٹی آئی رہنما شاہد صدیق کے بیٹے نے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی وجہ بھی بتائی تھی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ شاہد صدیق کے قتل میں ملوث شوٹر کو گرفتار کر لیا گیا، قتل میں مقتول کا بیٹا محمد قیوم بھی ملوث ہے، قتل میں ملوث ملزمان میں نوازش علی، محمد سجاد، محمد شاہد اور ثقلین اسلم شامل ہیں جبکہ مقتول کے بیٹے محمد قیوم نے معمولی رنجش پر باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

محمد قیوم نے شوٹرز سے 4کروڑ روپے میں باپ کو قتل کرانے کی ڈیل کی تھی، قتل میں ملوث تمام شوٹرز کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کیا گیا تھا۔2اگست کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فائرنگ سے ڈاکٹر شاہد صدیق جاں بحق ہوگئے تھے۔