پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس رعایت کی مدت ختم ہونے میں 7 دن باقی

ایکسائز کی سستی، لاکھوں شہری چالان سے محروم، رعایت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے چالانز فوری اور مؤثر طریقے سے ٹیکس دہندگان تک پہنچائے جائیں،ڈی جی ایکسائز

بدھ 24 ستمبر 2025 21:59

پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس رعایت کی مدت ختم ہونے میں 7 دن باقی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس پر جاری 5 فیصد رعایت کی مدت ختم ہونے میں صرف 7 دن رہ گئے ہیں، تاہم شہریوں کی بڑی تعداد اب تک اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ایکسائز حکام کے مطابق ایکسائز ملازمین کی سستی کے باعث 40 فیصد سے زائد ٹیکس دہندگان کو اب تک چالان موصول نہیں ہو سکے۔ لاہور میں ساڑھے 8 لاکھ پراپرٹی یونٹس میں سے صرف 57 فیصد کو چالان بھجوائے جا سکے ہیں۔

صوبے بھر میں تقریباً 25 لاکھ پراپرٹی مالکان سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ ہر چالان پر کیو آر کوڈ موجود ہے اور چالان کی ترسیل کے وقت پراپرٹی کی تصاویر بھی سسٹم میں اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ تاہم اس کے باوجود شہریوں کو بروقت چالان نہ ملنے کے سبب ریکوری شدید متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پہلے دو ماہ کے دوران 33 ارب روپے کی ریکوری کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، لیکن اب تک صرف 1 ارب 36 کروڑ روپے (تقریباً 4 فیصد) ہی وصول کیے جا سکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ چالانز کی بروقت ترسیل نہ ہونا ہے۔ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے تمام ڈائریکٹرز کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ چالانز فوری اور مؤثر طریقے سے ٹیکس دہندگان تک پہنچائے جائیں تاکہ شہری بروقت ادائیگی کرکے رعایت سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :