سندھ پبلک سروس کمیشن کا اسکریننگ ٹیسٹ شیڈول اور مختلف عہدوں کے نتائج کا اعلان

بدھ 24 ستمبر 2025 22:55

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے مشترکہ مقابلے کے امتحان 2024 کے اسکریننگ ٹیسٹ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سکریننگ ٹیسٹ گیارہ اکتوبر 2025 کو حیدرآباد، کراچی، سکھر اور لاڑکانہ کے مراکز پر بیک وقت منعقد ہوگا۔کمیشن نے مختلف محکموں کے مختلف عہدوں کے حتمی نتائج بھی جاری کردئیے ہیں جن کے مطابق مجموعی طور پر 19 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز (بی پی ایس 17) کے نتائج میں 8 امیدوار کامیاب ہوئے جن میں الطاف حسین، شہربانو، توفیق حسن، منیر حسین، عائشہ اکبر، فضا، سیدہ مصابہ فاطمہ کاظمی اور عروج شامل ہیں جبکہ محکمہ تعلیم میں انسٹرکٹر،لیکچرار (بی پی ایس 17) کے عہدے پر 5 امیدوار کامیاب قرار پائے جن کے نام ایمن، سعدیہ سمبل، صحر انجم، رابیل اور بشریٰ ہیں اور منرل ڈویلپمنٹ آفیسر (بی پی ایس 16) کے نتائج میں 6 امیدوار بلاول احمد، مبشر احمد، الطاف حسین، اسفند یار ولی، منصور انور اور اویس احمد کامیاب قرار دئیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق تمام کامیاب امیدواروں کی سفارش متعلقہ محکموں کو بھیج دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تحریری نتائج اگست 2025 میں جاری کیے گئے تھے جبکہ زبانی امتحانات ستمبر 2025 میں منعقد ہوئے تھے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ آئینی تقاضوں پر مکمل عمل کیا گیا ہے جبکہ شہری اور دیہی کوٹے کی پالیسی سختی سے نافذ کی گئی۔ کامیاب امیدواروں کی تفصیلی فہرست اور رول نمبر کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کر دئیے گئے ہیں۔