ڑ*ضم شدہ اضلاع کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں: میاں افتخار حسین

ھ*کرپشن کے بجائے صحت و تعلیم پر توجہ دی جائے، اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر کا مطالبہ ٴْپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں، مگر حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ئ*ریاست نے ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو عوام پرامن ذرائع سے حقوق کا دفاع کریں گے، خطاب

بدھ 24 ستمبر 2025 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سامنے اے آئی پی اسکیم کے تحت احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے ڈاکٹروں کی کئی ماہ سے واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی معطلی سراسر ناانصافی ہے، جس کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔

میاں افتخار حسین نے ڈاکٹروں کے تمام جائز مطالبات، بشمول پروموشن، ریگولرائزیشن اور تنخواہوں کی ادائیگی، کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی شعبوں کو ترجیح دی جائے اور عوامی وسائل کو کرپشن کی نذر کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، لیکن حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مختلف طبقات جیسے ڈاکٹرز، اساتذہ اور تاجر اگر متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں تو تحریک زیادہ مضبوط اور مؤثر ثابت ہوگی۔میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ اگر ریاست نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو عوام پرامن اور قانونی ذرائع سے اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اے این پی ہر فورم پر ڈاکٹروں کے مطالبات کی ترجمانی اور حمایت جاری رکھے گی۔