رانا ثناء اللہ کا بطور سینیٹر انتخاب ان کی دیرینہ خدمات کا اعتراف ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

بدھ 24 ستمبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) سینیٹ میں مسلم لیگ (ن)پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سینئر مسلم لیگی رہنما، رانا ثنا ء اللہ خاں کا بطور سینیٹر انتخاب ان کی دیرینہ خدمات کا اعتراف ہے، انہوں نے آمریت اور جبر کے ہر دور میں اپنی جماعت اور قیادت سے پختہ وابستگی قائم رکھتے ہوئے باوقار دلیرانہ سیاست کی شاندار مثالیں قائم کیں جن پر ہر سیاسی کارکن کو فخر ہونا چاہئے۔

نو منتخب سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں نے بدھ کو سینیٹر عرفان صدیقی سے ان کی اقامت گاہ پر ملاقات کی۔ پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے رانا ثنا ء اللہ کو ایوان بالا کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے لئے تقویت کا باعث بنیں گے اور ان کی وجہ سے ایوان میں ایک توانا آواز کا اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ بطور پارلیمانی لیڈر آپ کی قیادت اور رہنمائی میں کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، آپ کی مدبرانہ اور دانشورانہ رہنمائی انتہائی عمدہ طریقے سےسینیٹ پارلیمانی پارٹی کے معاملات سنبھالے ہوئے ہیں، ہم آپ کی مشاورت اور رہنمائی میں اعلیٰ جمہوری روایات پروان چڑھانے اور ایوان کے تقدس کے لئے آپ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔