پنجاب تحفظ صارف قانون کا بنیادی مقصد خریداروں کے حقوق کا تحفظ ہے،زینت مظہر

بدھ 24 ستمبر 2025 22:10

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) ضلعی تحفظ صارف کونسل بہاول پور زینت مظہرنے کہا ہے کہ پنجاب تحفظ صارف قانون 2005 کا بنیادی مقصد خریداروں کے حقوق کا تحفظ ہے۔ مذکورہ قانون ناقص اشیاء اور غیر معیاری خدمات کی صورت میں خریداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ خریدار اشیاء و خدمات حاصل کرتے وقت رسید ضرور حاصل کریں اور اشیاء ہمیشہ ریٹ لسٹ کے مطابق خرید کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ناقص اشیاء ، ناقص خدمات، ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے، رسید نہ دینے کی صورت میں تحصیلوں کے صارفین اسسٹنٹ کمشنرز اتھارٹی کو پنجاب تحفظ صارف (ترمیمی) قانون 2025 کے تحت تحریری درخواست دے سکتے ہیں۔ زینت مظہر نے مزید کہا کہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر اور رسید جاری نہ کرنے پر قانون کے تحت ایک لاکھ روپےتک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) نے دکانداروں سے کہا ہے کہ قانونی پیچید گیوں سے بچنے کے لئے مذکورہ قانون پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں۔ صارفین ہیلپ لائن نمبر 99030124-042 پر بھی رابطہ کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور گھر بیٹھے آن لائن درخواست consumerservice.punjab.gov.pk پر بھی دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :