وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور وزیراعظم کی کوآرڈینیٹرالگ الگ ملاقاتیں

بدھ 24 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی رومینہ خورشید عالم نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے ملاقات میں صوبے کے غریب اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود پر تفصیلی گفتگو ہوئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی معاونت کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مستحق خواتین اور بچوں تک رسائی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے تاکہ غربت کے خاتمے اور سماجی بہبود کے اہداف بہتر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔

وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے ملاقات میں ماحولیاتی چیلنجز اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے جہاں خشک سالی، پانی کی کمی اور درجہ حرارت میں اضافہ براہِ راست عوامی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلی اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے پہلا کلائمیٹ فنڈ قائم کیا ہے جو ایک انقلابی قدم ہے اور اس کے تحت ماحولیاتی تحفظ، آبی وسائل کے بہتر استعمال اور ماحول دوست منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔