سرورکائنات محمد مصطفی ﷺ کی شخصیت ایک آئینہ ہے جس میں ہم خود کو سنوارسکتے ہیں،ماہر تعلیم

جمعرات 25 ستمبر 2025 15:41

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)ماہر تعلیم پروفیسر روبینہ اسلم نے کہا کہ طلبہ میں اسلامی روح پیدا کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں تقدیسی تقریبات کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ سرورکائنات محمد مصطفی ﷺ کی شخصیت ایک آئینہ ہے جس میں ہم خود کو سنوارسکتے ہیں۔ آپ ﷺ کی تعلیمات تا حشر ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ زرائع کے مطابق نجی سکول میں عقیدہ ختم نبوت پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر روبینہ اسلم نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا چارٹر ہی کسی کامیاب ریاست کے لیے قابلِ عمل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو تربیت گاہ بنانے کے لیے بھرپور کوشش ضروری ہے ۔ اساتذہ کرام کا ہر عمل بچوں کے لیے قابلِ تقلید ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ زندگی عمل سے عبارت ہے باتوں سے نہیں۔ اسلامی تعلیمات کے پرچار کے ساتھ ساتھ ہمیں عمل کی خو پیدا کرنا ہوگی۔ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ انھیں اچھا شہری بنانے کے لیے ہمیں مستقل بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ جو بچے والدین کا احترام کرتے ہیں کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔آخر میں فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی، پاکستان کی سلامتی و بقاکے لیے دعا کی گئی۔