سینئر پروگرام آفیسرانٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹرکینیڈا ڈاکٹر نجیتی سفینی کایونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ، وائس چانسلر سے ملاقات

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سینئر پروگرام آفیسر انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹر (آئی آر ڈی سی) کینیڈا ڈاکٹر نجیتی سفینی نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی میں قائم ون ہیلتھ سنٹر اور باہمی تعلیمی وتحقیقی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ون ہیلتھ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات بھی موجود تھے۔ڈاکٹر نجیتی سفینی نے اپنے دورہ کے دوران یونیورسٹی کے مختلف علمی، تحقیقی، تعمیراتی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یونیورسٹی لائبریری اور ون ہیلتھ یونٹ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں اساتذہ وطلبہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مہمان کو یونیورسٹی میں جاری سرگرمیوں اور پراجیکٹس سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فوکس ادارے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی وعلاقائی بہتری اورعالمی علمی وتحقیقی روابط کے فروغ پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قائم ون ہیلتھ سنٹر کا مقصد انسانوں، جانوروں اور پودوں کے لیے یکساں صحت مند ماحول کی فراہمی ہے، جو ایک متوازن اور صحت مند معاشرے کے قیام کی ضمانت ہے۔وائس چانسلر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یونیورسٹی آف سرگودھا پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جس نے ون ہیلتھ سنٹر قائم کیا ہے، جسے وقت کے ساتھ مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے مزید کہا کہ پاکستان میں تحقیق کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرگودھا یونیورسٹی اپنے اساتذہ اور طلبہ کو ان مواقع سے استفادہ کرنے کےلیے علمی وعملی تربیت فراہم کررہی ہے۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیتی سفینی نے کہا کہ پاکستان علمی میدان میں نمایاں ترقی کر رہا ہے جس کی مثال سرگودھایونیورسٹی کاتحقیقی ماحول اورعالمی معیارکےمنصوبے ہیں۔انہوں نےون ہیلتھ سنٹر کے قیام کو یونیورسٹی کے لیے ایک نئی شناخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سرگودھا یونیورسٹی کے ڈسپلن اورانتظامی وژن کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے پر وہ فخر محسوس کر رہی ہیں۔