محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے ڈیجیٹل میڈیا سیکشن کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی پر بریفنگ

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:37

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے سیکرٹری دلدار احمد ملک کی زیر صدارت ڈیجیٹل میڈیا اینڈ پروڈکشن سیکشن کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔سیکشن انچارج و انفارمیشن آفیسر آصف رضا نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا سیکشن نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران محکمے کے ڈیجیٹل تشہیر و ترویج کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر، یوم معرکہ حق بنیان مرصوص، 5 اگست یوم استحصال کشمیر اور 14 اگست یوم آزادی اور یکم نومبر لبریشن سے گلگت بلتستان سمیت قومی و مقامی اہمیت کے تمام ایام پر خصوصی مہم چلائی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور خطے میں پرامن ماحول کے فروغ کے لیے رمضان المبارک اور محرم الحرام کے موقع پر خصوصی آگاہی مہم چلائی گئیں جنہیں عوام نے خوب سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی بہبود کے اقدامات سے متعلق آگاہی کے لیے 50 سے زائد ڈیجیٹل مہمات چلائی گئیں جن تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے 57 لاکھ سے زیادہ صارفین نے رسائی حاصل کی۔انفارمیشن آفیسر نے سیکشن کی دیگر کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات، ثقافتی ورثے اور ترقیاتی منصوبوں کی ترویج کے لیے 100 سے زائد مختصر دستاویزی فلمیں اور ویڈیوز تیار کی گئیں، جنہیں سرکاری سوشل میڈیا پیج پر 10 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔

اس کے علاوہ 500 سے زائد اعلیٰ معیار کے ڈیجیٹل بینرز، پوسٹرز اور انفوگرافکس ڈیزائن اور شائع کیے گئے۔ڈیجیٹل میڈیا اینڈ پروڈکشن سیکشن نے گلگت بلتستان بھر میں سیلابی صورتحال اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران دن رات کوریج کی اور عوام کو بروقت، درست اور مستند معلومات فراہم کرنے میں کوشاں رہے۔سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے سیکشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کی مثبت تصویر کشی اور عوامی آگاہی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں عوامی رابطوں کے تقاضوں کو پورا کرنے میں ڈیجیٹل میڈیا سیکشن کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل مواد کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی تیاری اور اشاعت کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے نفاذ کے بعد مقامی میڈیا چینلز کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کو خود کفیل بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔