سبی، علماء تمام مدارس کی فوری طور پر رجسٹریشن کرائیں ،ڈپٹی کمشنر الیاس کبزئی

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:31

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی نے افغان مہاجرین کی سرگرمیوں کو محدود کرنے اور سبی میں امن و امان کی صورتحال حال کو مذید بہتر بنانے اور تمام سرکاری ملازمین کی از سرے نو ویری فیکشن کرانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں ایس ایس پی سبی اختر نواز، ایف سی کے کرنل شہر یار ،کرنل زبیر ،اسسٹنٹ کمشنر سبی سید منصور شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد ملک بہاد ر خان بنگلزئی ،چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک،ایس پی اسپیشل برانچ سبی سردار پیر بخش سیلاچی ، ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو ،ایکسین کیسکو میر ظفر چھلگری ،ایکسین پی ایچ ای شہزادہ فرح،ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون ،ایم ایس سبی ڈاکٹر عمیر حسین ،ایس ڈی او ایری گیشن سبی حسنین بشارت ،پی پی ایچ آئی کے لالہ عبدالصمد عثمانی ،صوفی سلیمان نقشبندی ،مولانا ادریس رند ،فہیم قریشی ،غلام حیدر رند ،اور دیگر تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے ڈپٹی کمشنر سبی نے خطاب کرتے ہوئے تمام ڈسٹرکٹ آفیسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام ماتحت ملازمین کی ازسرے نو ویری فیکشن کرواکر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آفس میں رپورٹ جمع کرائیںانہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے تمام مدارس کی فوری طور پر رجسٹریشن کرائیں جو مدارس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اس کی کاپی ضلعی انتظامیہ سے وصول کریں۔

تاکہ جو نان رجسٹرڈ مدارس کام کررہے ہیں انھیں جلد از جلد رجسٹرڈ کرائیں اس کے علاوہ علماء کرام افغان مہاجرین یا ان کے بچوں کو مدارس میں داخلہ نہ دیں اور نہ ہی انھیں مساجد و مدارس میں رات قیام کرنے کی اجازت دیں بلکہ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو افغان مہاجرین کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کاروائی کیا جا سکے ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسران سے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور اپنے تمام ماتحت ملازمین کو سختی سے ہدایت کریں کہ وہ کسی بھی منفی سر گرمیوں سے دور رہیں نان رجسٹرڈ سماجی و فلاحی اداروں کا بھی ساتھ نہ دیں اگر کوئی بھی سرکاری ملازمین کسی بھی منفی سر گرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کا نہ صرف شناختی کارڈ بلاک کیا جائے گا بلکہ اسے قانون کے مطابق سزاء بھی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ سبی میں سیزن شروع ہوا ہے سرد علاقوں کی جانب سے خانہ بدوشوں کی سبی آمد کے موقع پر شہر کے داخلی راستوں پرایف سی ، پولیس اور لیویز شہر میں داخلے سے پہلے مکمل ویری فیکشن کرنے کے بعد انھیں شہر میں داخل اور رہائش کی اجازت دیں گے خانہ بدوش جہاں بھی رہائش پذیر ہونگے وہ ضلعی انتظامیہ کو اپنی لوکیشن سے آگاہ کریں گے ۔اور خانہ بدوشوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

اجلاس میں ہوٹل ،پراپرٹی مالکان کو بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو مکان دینے سے قبل کرایہ دار کی مکمل ڈیٹا پولیس تھانہ جمع کرائیں اور ہوٹل مالکان مسافروں کو کمرہ کرایہ پر دینے سے پہلے مکمل جانچ پڑتال اور ڈیٹا انٹری کے بعد کمرہ کرائے پر دیں۔خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل اور پراپرٹی مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔