نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد کا دورہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 18:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے افسران کے وفد سے ملاقات اور اجلاس کی صدارت کی۔ اسلام آباد سے آئے افسران کے اس وفد میں مختلف محکموں کے گریڈ18 اور گریڈ19 کے افسران شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے وفد کو ضلعی انتظامیہ کی ورکنگ اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ڈپٹی کمشنر نے وفد کو پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات اور جدید اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گھنٹہ گھر سمیت فیصل آباد میں جاری بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ شہر کو جدید اور بہتر سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ بھرپور محنت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے وفد کو صحت، تعلیم، زراعت اور سماجی بہبود کے شعبوں کی بہتری کے لئے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ عوام کو جلد ان منصوبوں کے ثمرات حاصل ہوں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کے سوالات کے جوابات دیئے اور ان کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران کی آراء کو آئندہ حکمت عملی میں ضرور مدنظر رکھا جائے گا۔