جمعہ یوم محبت رسولﷺ کے طور پر منایا جائے گا ،جما عت اھلسنّت

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا،آئی لو محمدﷺ کہنے ،لکھنے ،بورڈ لگانے پر گرفتاریاں اور ہراساں کرنے کے خلاف جما عت اھلسنّت کے تحت جمعہ 26ستمبر یوم محبت رسول منایا جائے گا ۔ جمعہ کے خطبات میں علماء کرام پیارے نبی کریم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کے عنوان پر تقاریر کریں گے نیز سوشل میڈیا پر آئی لًو محمد ﷺ لکھ کربھرپور انداز سے پھیلایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جما عت اھلسنّت کراچی کے ناظم اعلیٰ سید رفیق شاہ نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ مسلمان اپنے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کی حرمت و عظمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا نہ صرف ایک مذہب کے خلاف نفرت ہے بلکہ یہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ بھارت میں جس انداز سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہا پسندوں کے نفرت انگیز رویوں کے جواب میں عشقِ رسول ﷺ کا عملی اظہار وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ کی جانب سے دشمنانِ اسلام کو بھرپور جواب دیا جا سکے۔