سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام پشاور میڈیکل کالج میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام پشاور میڈیکل کالج میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان،دیگر ٹریفک حکام ،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد امان خان،لیکچرارز اور طلبہ نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایاجا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے باقاعدہ ٹریفک رضا کار فورس تشکیل دی ہے جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباکو شامل کیا گیا ہے جو وقتاً فوقتاً شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سے شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکار پرائمری، مڈل اور میٹرک تک سکول کے طلبہ کو باقاعدہ روڈ کراسنگ اور اشاروں سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیتے ہیں تاکہ وہ بچپن سے ہی ٹریفک قوانین سے آگاہ ہوں۔ محکمے کی جانب سے سوشل میڈیا کی تمام سائٹس کو فعال کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹریفک نظام سے متعلق ہر پندرہ منٹ بعد شہریوں کو آگاہی دی جاتی ہے تاکہ وہ کلیئر سڑکوں پر سفر کر سکیں اور انہیں کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔