پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری

لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں کامیاب آپریشنز ،خطرناک منشیات فروش گرفتار

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’منشیات سے پاک، صحت مند اور محفوظ پنجاب‘‘کے تحت پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی جانب سے صرف ایک دن میں لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں 7 کامیاب آپریشنز کیے گئے جن میں خطرناک منشیات فروش گرفتار ہوئے اور 7.8 کلوگرام چرس، 1.3 کلوگرام ہیروئن، 6.64 کلوگرام آئس، 4 جدید ہتھیار اور 150 گولیاں برآمد کی گئیں۔

اس دوران مزید 7 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق یہ تازہ کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ فورس صوبے میں منشیات کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بھی بڑے پیمانے پر آپریشنز مکمل کیے جا چکے ہیں جن میں 55.584 کلوگرام چرس، 9.505 کلوگرام افیون، 28.484 کلوگرام ویڈ، 2.739 کلوگرام ہیروئن اور 11.5 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

اسی طرح 15 ہتھیار اور ایک ہزار راؤنڈز بھی قبضے میں لیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 68 ملزمان گرفتار اور 30 مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز ایکٹ 2025 کے نفاذ اور سی این ایف کے قیام کے بعد صوبے بھر میں 60 سے زائد آپریشنز مکمل ہو چکے ہیں۔ ان آپریشنز کا ہدف صرف منشیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ان کے نیٹ ورکس کو توڑنا اور تعلیمی اداروں، رہائشی علاقوں اور ٹرانسپورٹ روٹس کو منشیات فروشوں سے محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی اسی تسلسل اور شدت کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ صوبے کو منشیات کے ناسور سے مکمل طور پر نجات دلائی جا سکے اور نوجوان نسل کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔