سماجی، سیاسی اور مذہبی گروپوں کے اتحاد” کرگل ڈیموکریٹک الائنس ‘‘ کا لیہہ میں نہتے مظاہرین کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:50

کرگل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے کارگل سے تعلق رکھنے والے سماجی، سیاسی اور مذہبی گروپوں کے اتحاد” کرگل ڈیموکریٹک الائنس “(کے ڈی اے) نے بدھ کو لیہہ قصبے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے مظاہرین کی ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرگل میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کے ڈی اے کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی نے انتظامیہ کی جانب سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے بے تحاشا استعمال کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کو ذمہ داری سے سنبھالنے کے بجائے، انتظامیہ نے وحشیانہ جبر کا سہارا لیا، ہم تشدد کی مکمل تحقیقات اور فائرنگ کا حکم دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کربلائی نے وانگچک اور دیگر پر الزام لگانے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتظامیہ اور وزارت داخلہ کی واضح ناکامی ہے، ہم وانگچک اور دیگر کے خلاف ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

کے ڈی اے، لیہہ اپیکس باڈی کے ساتھ مل کرگزشتہ چار برس سے پرامن تحریک کی قیادت کر رہا ہے، جس میں لداخ کو ریاست کا درجہ دینے، چھٹے شیڈول کے نفاذ، پبلک سروس کمیشن کا قیام اور لیہہ اور کارگل کے لیے الگ لوک سبھا سیٹیں شامل ہیں۔سجاد کرگلی نے کہا کہ بحران کی ذمہ دار بھارتی حکومت کی ناکام پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور وعدہ خلافیوں نے لوگوں میں مایوسی کو ہوا دی ہے۔ بی جے پی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔کے ڈی اے کے رہنمائو ں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت لیہہ ایپکس باڈی سے وابستہ افراد کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے انتقامی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے اور دوبارہ بات چیت کا راستہ اپنانے پر زور دیا۔