وزیرِ اعظم کی ہدایت پر انکم ٹیکس ریٹرن فارم سے’’اندازاً مارکیٹ ویلیو‘‘کاخانہ ختم

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمدشہبازشریف کی ہدایت پرفیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم سے ٹیکس دہندگان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی اندازاً مارکیٹ ویلیو کے اندراج کاخانہ ختم کردیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جمعہ کویہاں جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایک کمیٹی قائم کی جس کی سربراہی وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کر رہے تھے۔

کمیٹی کو ایف بی آر کی جانب سے آئرس ٹیکس ریٹرن میں شامل کیے گئے اس نئے خانے کا جائزہ لینے، جس میں ٹیکس دہندگان سے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی اندازاً مارکیٹ ویلیو درج کرنے کا کہا گیا تھا، کے اثرات کا تجزیہ کرنے اور مناسب اصلاحی اقدامات تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کمیٹی وفاقی وزیر پٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے خزانہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، معاونِ خصوصی برائے ڈپٹی پرائم منسٹر آفس کوآرڈینیشن، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز ایف بی آر پرمشتمل تھی۔

کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو ہوا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے سفارش کی کہ آئرس ٹیکس ریٹرن میں شامل کیا گیا نیا خانہ، جس میں ٹیکس دہندگان کو اپنے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی اندازاً مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، ٹیکس فائلنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ختم کر دیا جائے۔ یہ سفارش وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی اور وزیرِ اعظم نے کمیٹی کی سفارش کی منظوری دے دی۔

ایف بی آر کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے، مارکیٹ ویلیو کا خانہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم سے ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح کیا جاتا ہے کہ یہ خانہ صرف اور صرف معاشی سروے کے لیے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی غرض سے متعارف کرایا گیا تھا اور اس کا آمدنی کے تخمینے یا ٹیکس کی ذمہ داری سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ترجمان ایف بی آرنے کہاہے کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور تمام اہل ٹیکس دہندگان پر زور دیتا ہے کہ وہ اپناانکم ٹیکس ریٹرن بروقت، درست اور ایمانداری سے جمع کروائیں، ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے۔