حکومت کی کوشش ہے کہ تمام ضروری ویکسینز بشمول ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین ملک کے اندر تیار کی جائیں ، سید مصطفی کمال

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام ضروری ویکسینز بشمول ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین ملک کے اندر تیار کی جائیں ،پاکستان کو ویکسین سازی میں نہ صرف خود کفیل بنانا ہے بلکہ ویکسین برآمد کرنے والے ممالک کی صف میں بھی شامل کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے دورہ کے دوران کیا ۔

انہوں نے یونیورسٹی میں قائم اینٹی ریبیز ویکسین کی جدید لیبارٹری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ویکسین کی مقامی تیاری کے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے اس شعبے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ویکسین سازی میں نہ صرف خود کفیل بنانا ہے بلکہ ویکسین برآمد کرنے والے ممالک کی صف میں بھی شامل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ویکسین کی تیاری کے لئے سرکاری و نجی اداروں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ ملک میں ایک مضبوط اور خود انحصار ویکسین انڈسٹری قائم ہو۔ ڈا یونیورسٹی میں موجود ویکسین مینوفیکچرنگ کی سہولیات جدید ترین معیار کی ہیں اور یہ قومی صحت کے نظام میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ، ماہرین صحت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے حکومتی تعاون کو سراہا اور ویکسین کی تیاری میں مزید پیش رفت کے عزم کا اظہار کیا۔