قومی انڈر 19 ون ڈے کپ کے تیسرے راؤنڈ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے مختلف گراؤنڈز میں کھیلے گئے جن میں متعدد کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور چار کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) قومی انڈر 19 ون ڈے کپ کے تیسرے راؤنڈ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے مختلف گراؤنڈز میں کھیلے گئے جن میں متعدد کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور چار کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ پی سی بی کے مطابق راولپنڈی نے بہاولپور کو 27 رنز سے ہرایا۔ راولپنڈی کے محمد حسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بہاولپور کے محمد حذیفہ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان نے فیصل آباد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دی۔ سمیر احمد منہاس نے 81 اور علی حسنین نے 66 رنز اسکور کیے۔ دونوں کے درمیان 146 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔ فیصل آباد کے مومن قمر نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لاہور بلوز نے ایبٹ آباد کو 61 رنز سے مات دی۔

(جاری ہے)

علی حسن بلوچ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 143 رنز بنائے جبکہ جہانگیر بلال نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور نے سیالکوٹ کے خلاف 59 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ احمد حسین نے 56 رنز بنائے اور ہارون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز نے لاڑکانہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 166 رنز سے ہرایا۔ احمر ریاض نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 109 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کراچی وائٹس نے ڈیرہ مراد جمالی کو 146 رنز سے شکست دی۔ حذیفہ احسن نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، نقاب شفیق نے 6 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہور وائٹس نے اسلام آباد کو 178 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔ عالیان سلمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 136 رنز بنائے جبکہ حمزہ ظہور نے 54 رنز اسکور کیے۔ فاٹا نے حیدرآباد کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 100 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔