پولیو کیچپ مہم کے دوران پولیو ورکرز اپنی ڈیوٹیاں قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں ، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:03

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو ڈینگی وباء اور پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی اور 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو کیچپ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ، سی او ہیلتھ اتھارٹی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہگان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپوره کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی ، پولیو و دیگر مہلک بیماریوں سے مکمل بچاؤکے لیے ممکنہ اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ، محکمہ صحت ، ریونیو ، تعلیم اور پولیس کے افسران و دیگر عملہ پولیو مہم کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر ادا کریں تا کہ انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کمی نہ رہے ، غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 13 اکتوبر کو ضلع بھر میں شروع ہونیوالی پولیو کیچپ مہم کے دوران پولیو ورکرز اپنی ڈیوٹیاں قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں ۔\378