Live Updates

دریائے چناب کے نشیبی علاقوں سے پانی مکمل اتر گیاہے ،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:30

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا ہےکہ دریائے چناب کے نشیبی علاقوں سے پانی مکمل اتر گیاہے اور متاثرین کی اکثریت اپنے گھروں کو جا چکی ہے، تاہم جن نشیبی علاقوں میں ابھی پانی ہے ان علاقوں کے لوگ ضلعی انتظامیہ کے ریلیف کیمپ اور بندوں پر قائم خیمہ بستیوں میں رہائش پزیر ہیں جہاں ان کو 3 وقت کا معیاری کھانا اور دیگر سہولیات باقاعدگی سے فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے فلڈ بندوں کے شگاف کو پر کر دیا گیا ہے اور سٹرکوں کو ٹریفک کےلئے بحال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلڈ بند ڈمر والا، فلڈ بند چندر بھان اور فلڈ بند ڈمر والا مکمل بحال ہوگئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچاؤ کےلئے محکمہ صحت کے ٹیمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں،جہاں وہ متاثرین سیلاب کو طبی سہولیات فراہم رہی ہیں، کلینک آن وہیل اور فیلڈ ہسپتال روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں متاثرین سیلاب کو طبی سہولیات فراہم کرنے کےلئے موجود ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکزصحت پر بھی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مچھر مار ادویات کو سپرے بھی کیا جارہا ہے تاکہ مچھروں سے پھیلنے والی بیماروں سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنران کی نگرانی میں سیلاب متاثرین کو حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ راشن بیگ تقسیم کئے جارہی ہیں۔

ہر راشن بیگ میں ایک خاندان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے راشن جس میں آٹا، گھی، دالیں، مرچ، حفظان صحت کا سامان اور دیگر ضروری اشیاء موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ 27 ستمبر سے حکومتِ پنجاب کے زیر اہتمام ضلع مظفرگڑھ میں سیلاب کے نقصانات کا سروے شروع کر دیا جائے گا۔سروے ٹیموں میں متعلقہ پٹواری، محکمہ زراعت، لائیوسٹاک اور فوج کا نمائندہ شامل ہو گا۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات