Live Updates

حکومت کی جانب سے پنجاب پولیس کے ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد کی بڑی کٹوتی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)پنجاب حکومت نے مالی سال 2025ء میں پنجاب پولیس کے ترقیاتی بجٹ میں 40فیصد کی نمایاں کٹوتی کر دی ، رواں سال کے لیے مختص 7 ارب 40 کروڑ روپے کے بجٹ میں سے 2ارب 96کروڑ روپے واپس لے لیے گئے ہیں، جس سے پولیس کی نئی اور جاری ترقیاتی سکیموں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری شدہ اور نئی سکیموں کے لیے 6ارب 90کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے تھے تاہم حالیہ سیلابی صورتحال اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کو ترجیح دینے کی وجہ سے پولیس کا ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں 146نئی ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز کیا جانا تھا۔فنڈز کی کٹوتی کے باعث ان اسکیموں کا آغاز اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل مشکل ہو گئی ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی مکمل ہونے کے بعد پولیس بجٹ کی جزوی بحالی کا امکان ہے۔گزشتہ مالی سال میں پنجاب پولیس کو 12ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ جاری کیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال میں ساڑھے 4ارب روپے کم بجٹ ملا ہے۔ترقیاتی فنڈز میں اس کٹوتی سے انفراسٹرکچر، تھانوں کی تعمیر و مرمت، جدید سہولیات کی فراہمی اور دیگر اہم منصوبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات