وزیراعلیٰ مریم نواز افرادِ باہم معذوری کیلئے تاریخی اور انقلابی پروگرام کی قیادت کر رہی ہیں‘ سہیل شوکت بٹ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف افرادِ باہم معذوری کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی پروگرام کی قیادت کر رہی ہیں،صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے معاون آلات کی تقسیم کے اس منصوبے پر ایک ارب روپے کی لاگت آ رہی ہے، یہ پروگرام پہلے سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اس کے تحت 17 سے زائد اقسام کے اسسٹیو ڈیوائسز پنجاب بھر میں مستحق افراد کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ اب تک 6,408 معاون آلات تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں 2,066 اسسٹنٹ کنٹرولڈ وہیل چیئرز، 1,995 ایکٹیو یوز وہیل چیئرز، 902 پیڈیئٹرک وہیل چیئرز، 709 سفید چھڑیاں، 217 ٹرائی سائیکلز، 162 واکنگ فریم/واکرز، 108 موبائل ٹوائلٹ چیئرز اور 86 ڈیجیٹل ہیرنگ ایڈز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مقصد معذور افراد کو معاشرے کا فعال اور پروڈکٹیو شہری بنانا ہے۔

یہ آلات نہ صرف انہیں خودمختاری فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ اور اسسٹیو ڈیوائسز اسکیم وزیراعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا عملی ثبوت ہیں، جس کے تحت معذور افراد کو باعزت اور خودمختار زندگی فراہم کرنا حکومت پنجاب کا اولین ہدف ہے۔