ورلڈ بینک کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی بڑی کامیابی، پورٹ قاسم دنیا کی 9ویں ترقی یافتہ بندرگاہ قرار

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:47

ورلڈ بینک کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی بڑی کامیابی، پورٹ قاسم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل، ورلڈ بینک نے پورٹ قاسم کو دنیا کی نویں ترقی یافتہ بندرگاہ قرار دے دیا ہے۔ یہ رینکنگ نہ صرف پاکستان کی بندرگاہی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ بھی ہے۔چیئرمین قاسم پورٹ اتھارٹی، جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کو حکومت کی مؤثر اصلاحات، جدیدیت پر مبنی اقدامات اور انتظامی بہتری کا نتیجہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے تمام تر کوششیں جاری ہیں، اور مستقبل میں بھی ان اصلاحات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔جنید انوار چوہدری نے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کیو آئی سی ٹی ) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید آپریشنز اور تکنیکی بہتری میں اس ٹرمینل نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بندرگاہوں کی جدید کاری کے ذریعے تیزی سے خطے کا شپنگ حب بننے کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی کارکردگی میں بہتری سے نہ صرف مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔