قبائلی ضلع کرم کی لوئراور وسطی تحصیل کے علاقوں درانی اور گواکی کے مابین شاملاتی اراضی کے تنازع پر فائربندی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)قبائلی ضلع کرم کی لوئراور وسطی تحصیل کے علاقوں درانی اور گواکی کے مابین شاملاتی اراضی کے تنازع پر فائربندی ہوگئی اور دونوں فریقین کے مابین چھ ماہ کے لئے امن تیگہ رکھ دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے پر ایک کروڑ روپے جرمانہ اداکر ناہو گا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دونوں فریقین کے درمیان شاملاتی اراضی کے تنازع پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فریقین کے مابین فائربندی کرنے اور امن قائم رکھنے کے لئے کرم ملیشیا 113 ونگ کے کمانڈر کرنل سہیل بابرکی سربراہی میں جرگہ کا انعقادہوا جہاں جرگہ ارکان نے چھ ماہ کے لیے امن تیگہ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔جرگے کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی فریق نے امن تیگہ کی خلاف ورزی کی تو ایک کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر لوئراور وسطی کرم کے انتظام و پولیس افسر‘ جرگہ ممبران اورمقامی مشران بھی موجود تھے۔