ورلڈ ٹورزم ڈے پر مری میں ٹی ڈی سی پی کی شاندار تقریبات

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) مری ریجن کے زیر اہتمام پتریاٹہ ریزورٹ میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات میں سیمینار، ٹورازم واک، شجر کاری مہم اور کیک کاٹنے کی تقریبات شامل تھیں۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور، رکن صوبائی اسمبلی بلال یامین ستی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، جی ایم فنانس ٹی ڈی سی پی، اے ڈی سی جی، اسسٹنٹ کمشنر مری، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، جی ایمز آف ہوٹلز اور دیگر محکموں کے سربراہان شامل تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پنجاب میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ مری اس وقت پاکستان آنے والے سیاحوں کا 70 تا 80 فیصد بوجھ سنبھال رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری کے سیاحتی منصوبوں کے لیے 17 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ صوبائی وزیر سیاحت مریم اورنگزیب کی قیادت میں محکمہ سیاحت جدید اور ماحول دوست منصوبے متعارف کرا رہا ہے جن کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

ٹی ڈی سی پی مری اور پتریاٹہ نے پنجاب کی پہلی اَمبریلا اسٹریٹ، الیکٹرک گالف کارٹس، اوپن ڈیکر بسوں اور پاکستان کے پہلے ٹری ہاؤس جیسے منصوبے متعارف کرا کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔سیمینار میں ''سیاحتی پائیدار تبدیلی'' کے موضوع پر مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانا، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال اور اسٹیک ہولڈرز کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔اختتام پر مہمانوں نے کیک کاٹ کر ورلڈ ٹورزم ڈے کی خوشی سیاحتی برادری کے ساتھ منائی۔