سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی قیادت میں راولپنڈی پولیس کی تاریخ کے سب سے بڑے ویلفیئر منصوبے مکمل

اتوار 28 ستمبر 2025 13:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی قیادت میں راولپنڈی پولیس کی تاریخ کے سب سے بڑے ویلفیئر منصوبے مکمل کر لئے گئے۔ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھایا گیا یہ قدم شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ پولیس ویلفیئر فلنگ اسٹیشنز کو شہداء پولیس کی فیملیز اور غازیوں کے نام وقف کیا گیا ہے۔

ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی براہ راست شہداء کی فیملیز اور غازیوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہو گی۔ ہر شہید کے اہل خانہ کو ماہانہ 15 ہزار روپے جبکہ غازیوں کو 10 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت دراصل ایک اعتراف احسان ہے، شکر گزاری اور احترام کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

یہ وعدہ ہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں ہوں گی اور نہ ہی ان کا کوئی نعم البدل ممکن ہے۔

یاد رہے کہ ایئرپورٹ روڈ پر قائم پولیس ویلفیئر فلنگ اسٹیشن کا افتتاح گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے کمرشل اتاشی نائف الحربی نے کیا تھا۔ اس سے قبل اپریل میں پہلا فلنگ اسٹیشن راجہ بازار میں قائم کیا گیا تھا۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس ایک خاندان کی مانند ہے اور ہر افسر و اہلکار کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جاتی ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے شہداء کے اہل خانہ اور غازیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں اور ان کی خدمت کو اعزاز سمجھیں۔