بین الاقوامی تجارتی تنازعات کے حل کے لیے کمیشن کا قیام خوش آئند ہے ، شاہد عمران

اتوار 28 ستمبر 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ تجارتی تنازعات کے حل کے لیے کمیشن کے قیام کا اعلان تاریخی اقدام اور بین الاقوامی کمپنیوں کے تنازعات کے حل کی جانب پہلا بڑا قدم ہے۔ اتوار کو یہاں محترمہ ثناعبداللہ آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی جانب سے چند روز قبل آسیان سفیروں کے ساتھ ملاقات کے دوران اس فورم کے قیام کا اعلان ایک بڑا سنگ میل ہے جو تجارت سے متعلق تنازعات، بالخصوص بین الاقوامی تجارتی کمپنیوں کے درمیان تنازعات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ایک سنگین چیلنج رہا ہے، جس کی وجہ سے اکثر تجارتی امور میں تاخیر، مالی نقصانات اور کاروباری شراکت داروں کے درمیان عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہو گا بلکہ اس سے کاروبار کے لیے سازگار ماحول بھی پیدا ہو گا اور شکایات کو قانونی لڑائیوں کے بغیر حل کیا جا سکے گا۔

شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان نے جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان وسطی ایشیا کے لیے تجارتی گیٹ وے ہے اور ملکی بندرگاہوں کو نئے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کے تحت کافی اہمیت حاصل ہوئی ہے جس سے علاقائی شراکت داروں کے لیے لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور پاکستان آسیان کی کمپنیوں کو سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے گا۔