وائلڈ لائف رینجرز کی کارروائیاں، بٹیر اور فالکن کے 62 نیٹنگ گیئرز ضبط شکاریوں کے چالان

اتوار 28 ستمبر 2025 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں وائلڈ لائف رینجرز نے بٹیر اور فالکن کے62 نیٹنگ گیئر ز ضبط کر کے 57 غیر قانونی شکاریوں کا چالان کیا اور متعدد کو جرمانہ کر کے مزید قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز ننکانہ صاحب نے فالکن اور بٹیر کے متعدد نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے دو پارٹیوں کو جرمانہ کیا اور بٹیر کے دو نیٹنگ گیئرزبھی ضبط کیے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور ڈویژن سید علی عثمان بخاری کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز بہاولپور،بہاول نگر اور رحیم یار خان نے25 نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے12 شکاریوں کا چالان کر کے بھاری جرمانہ کیا جبکہ درجنوں زندہ بٹیر بازیاب کروا کر آزاد کیے نیز ایک نیل گائے کا بچہ بھی ریسکیو کیا۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ملتان نے30 بٹیراور2 فالکن،ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان سخی محمد جوئیہ نے30 نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے کارروائی شروع کر دی اورانہیں 65 ہزار جرمانہ کیا۔ اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن راجہ محمد احسان کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ساہیوال اور اوکاڑہ نے بٹیر کے چار نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے کارروائی شروع کر دی۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گجرات ریجن سید عثمان الحسن نے بٹیر کے چار شکاری گرفتار کر کے انہیں70 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر فیصل آباد نمرہ رشید نے بٹیر کے تین نیٹنگ گیئرز ضبط کیے اور20 زندہ بٹیر برآمد کروائے اور مرغابی کے شکار پر ایک شخص کو مبلغ52 ہزار روپے جرمانہ کیا ۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر نارووال ارشد ناز نے مضافات سے ایک اژدھا بحفاظت ریسکیو کر کے جیسر بارڈر بیلٹ ایریا کے جنگل میں چھوڑ دیا۔ دیگر کارروائیوں میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرجہلم مرزا عابد حسین نے فالکن کی دو پارٹیوں سےآلات شکار قبضہ میں لے لئے اور خرگوش کے1 شکاری کو 60 ہزار جرمانہ کیا۔